بلوچستان میں ریلوے سفر محفوظ، جعفر ایکسپریس میں جدید سیکیورٹی انتظامات مکمل
کوئٹہ: بلوچستان میں ریلوے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت کی اقدامات کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس میں جدید سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد عوام کا ریلوے پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بی کے سی بوگی کو مؤثر اور اہم اقدام قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے بلوچستان میں ریلوے سفر اب محفوظ اور پُراعتماد ہے۔ انہوں نے پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نارتھ کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی نے عوام کے تحفظ اور ریلوے سفر کے اعتماد کو یقینی بنایا ہے۔
حکام کے مطابق مستقبل میں بھی بلوچستان میں ریلوے سفر کے دوران جدید سیکیورٹی انتظامات جاری رہیں گے تاکہ مسافروں کی حفاظت اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
