کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، سردی میں اضافہ، ٹریفک متاثر

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زیارت، کوژک ٹاپ، پرانا چمن اور شیلاباغ میں برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث چمن، کوئٹہ اور کراچی کو ملانے والی شاہراہ پر ٹریفک متاثر رہی۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے متاثرہ شاہراہوں پر ہیوی مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا عمل جاری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال کی جا سکے۔

دوسری جانب چمن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی آج دوپہر سے شام تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث ممکنہ طغیانی کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔