بلوچستان میں بارش و برفباری کے بعد شدید سردی، کوئٹہ میں پارہ منفی 10 ریکارڈ

کوئٹہ: بلوچستان کے بیشتر اضلاع گزشتہ روز ہونے والی بارش اور برفباری کے بعد شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جس کے سبب زیارت، چمن، کوئٹہ، قلات، ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔

شدید سرد ہواؤں کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے۔ سردی کی شدت سے پانی کی پائپ لائنیں جم گئیں جبکہ سڑکوں پر کھڑا پانی بھی برف میں تبدیل ہوگیا۔ کوئٹہ شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر بھی متاثر ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت کوئٹہ میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت اور قلات میں منفی 11، ژوب اور چمن میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ دیگر علاقوں میں نوکنڈی میں صفر، سبی میں 3، تربت میں 8، گوادر میں 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ شدید سردی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ممکنہ برفباری یا برف پگھلنے کے بعد سڑکوں پر پھسلن سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔