بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان کے اثرات بے نقاب، ہلاک دہشت گرد سخی بخش کی والدہ نے دردناک حقائق بیان کیے

کوئٹہ / اسلام آباد: بلوچستان میں کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد گروہوں نے نوجوانوں کو دہشت گردی کی طرف دھکیل کر ان کے مستقبل کو تاریک کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ہلاک دہشت گرد سخی بخش کی والدہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کا والد شوگر اور بلڈ پریشر کا مریض ہے، اور انہوں نے غربت کے باوجود سخی بخش کو پڑھایا لکھایا تاکہ وہ اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کا سہارا بنے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے کی دہشت گرد سرگرمیوں نے گھر والوں کو درد اور تکلیف میں مبتلا کیا۔ ماہرین کے مطابق سخی بخش کی والدہ کے بیان سے بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کے طریقۂ کار اور ان کی گمراہ کن سرگرمیوں کا پردہ چاک ہوتا ہے۔

کالعدم فتنہ الہندوستان اور دیگر دہشت گرد گروہ محرومی اور ناانصافی کا بیانیہ بنا کر نوجوانوں کو بھڑکاتے ہیں اور بندوق اٹھانے پر مجبور کرتے ہیں۔ ماہرین نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اداروں کے مؤثر آپریشن کے نتیجے میں بلوچستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

یہ اقدامات بلوچ ماؤں کی گودیں محفوظ رکھنے اور نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچانے کی سمت میں اہم ثابت ہو رہے ہیں۔