امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہدا کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہدا کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثر ردعمل پر جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت کارروائی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ صبح فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، تاہم بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور کے جوانوں نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران صوبے میں 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے، جبکہ گزشتہ دو روز میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 70 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، جہاں وہ جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ قوم کے لیے ایک عظیم قربانی ہے۔ انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ ریاست ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
_20260131084915705.webp)