پاکستان میں پلے بڑھے، رزق کمایا: گرفتار افغان دہشتگرد کا ویڈیو بیان سامنے آیا

اسلام آباد: افغان شناخت یافتہ دہشتگرد قاسم عرف حسن نے ویڈیو بیان میں اپنے جرائم اور سرگرمیوں کا اعتراف کیا ہے۔ اس نے بتایا کہ وہ افغانستان کے گردیزولایت کا رہنے والا ہے اور 10 سال قبل پاکستان کے ضلع لکی مروت میں آیا، جہاں وہ پلے بڑھے، رزق کمایا اور مقامی لوگوں کے ساتھ تعلقات قائم کیے۔

قاسم عرف حسن کے مطابق 2025 میں سرہ درگہ میں طالبان کمانڈر ارمانی سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے اسے جہاد کی طرف راغب کیا اور فوجی قلعے پر فدائی حملے کی تیاری کروائی، تاہم مناسب موقع نہ ملنے کی وجہ سے حملہ ممکن نہ ہو سکا۔

دہشتگرد نے مزید بتایا کہ کمانڈر ارمانی کے مشورے پر وہ تنظیم میں واپس چلا گیا اور نئے افراد بھرتی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس نے پانچ افراد کی بھرتی کی، جس کے عوض اسے فی شخص 10 ہزار روپے ملے۔

بعد ازاں، وہ ستمبر میں پنجاب گیا تاکہ مزید نوجوانوں کو تنظیم میں شامل کیا جا سکے، تاہم وہاں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ اعترافات دہشتگرد کی تنظیمی سرگرمیوں اور بھرتیوں کے نیٹ ورک کو سمجھنے میں مدد فراہم کریں گے، اور تحقیقات جاری ہیں کہ اس کے ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری عمل میں لائی جائے۔