لاہور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار 415 افراد کی ضمانتیں منظور، نوجوان بھی شامل

لاہور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیے گئے سیکڑوں افراد کی ضمانتیں حاصل کرنے کے لیے عدالتوں میں رش لگ گیا۔ پولیس نے دو روز کے دوران 750 سے زائد افراد کو ضلع کچہری میں پیش کیا، جن میں سے 415 ملزمان کی ضمانتیں منظور کی گئیں۔

گرفتار شدگان میں متعدد نوجوان بھی شامل ہیں، جن کی عمریں 16 سال سے کم ہیں۔ نوجوانوں نے بتایا کہ پولیس نے انہیں مقدمات درج کر کے ہتھکڑیاں لگا دی، حالانکہ انہوں نے کہا تھا کہ چالان کر دیا جائے۔

پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کے کریک ڈاؤن کے دوران 24 گھنٹوں میں 63,970 چالان کیے گئے اور 8 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار 950 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس دوران 23,904 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں، اور ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر ایک دن میں 28 ہزار چالان کیے گئے۔

پنجاب ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق 4,312 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ کریک ڈاؤن کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا اور حادثات کی شرح کو کم کرنا بتایا گیا ہے