پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (ایس این جی پی ایل) نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے سردیوں کا نیا گیس لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کر دیا ہے، جو دسمبر سے فروری تک نافذ العمل رہے گا۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق گھریلو صارفین کو دن کے تین اوقات میں وقفے وقفے سے گیس فراہم کی جائے گی تاکہ شہری اپنے بنیادی امور، خصوصاً ناشتہ اور کھانا پکانے کے اوقات میں سہولت حاصل کر سکیں۔

گیس کی فراہمی کے اوقات کچھ یوں ہوں گے:

  • صبح: ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک
  • دوپہر: ساڑھے 11 بجے سے ڈیڑھ بجے تک
  • شام: ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک

سوئی گیس حکام کے مطابق صنعتی شعبے کے لیے گیس لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، تاہم شدید سردی کے باعث گھریلو صارفین کی گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان ایس این جی پی ایل نے وضاحت کی کہ ملک کے گیس سسٹم میں گیس موجود ہے اور قلت کا کوئی بحران درپیش نہیں، تاہم مہنگی درآمدی گیس کے پیشِ نظر صارفین کو اپیل کی گئی ہے کہ وہ گیس کا استعمال احتیاط اور ضرورت کے مطابق کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شیڈول کا مقصد سردیوں کے دوران محدود وسائل کو منصفانہ انداز میں تقسیم کرنا اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔