پی سی بی ممکنہ طور پر شان مسعود کو کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز کی پیشکش واپس لے سکتا ہے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو دی گئی کنسلٹنٹ انٹرنیشنل کرکٹ اینڈ پلیئرز افیئرز کی پیشکش واپس لینے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اکتوبر میں شان مسعود کو اس عہدے کے لیے زبانی آفر کی گئی تھی، تاہم اب ان کی ٹیسٹ کرکٹ کی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے یہ پیشکش واپس لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

شان مسعود کے لیے کرکٹ کے ساتھ کنسلٹینسی کے فرائض کو ساتھ لے کر چلنا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آئندہ برس اہم سیریز کھیلنے جا رہا ہے، اس لیے شان مسعود کا کرکٹ کیرئیر ترجیحی ہے اور اسی وجہ سے پی سی بی ممکنہ طور پر پیشکش واپس لے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ شان مسعود نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے بعد قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لیا اور پریزیڈنٹ ون ڈے کپ کے میچز کھیلنے کے بعد امریکا جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔