بانی پی ٹی آئی دشمن ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، بھارت و افغانستان سے مدد لے رہے ہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور — وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے بانی تحریک انصاف کے بیانات اور سیاسی حکمتِ عملی کو ’’ملکی سلامتی کے لیے خطرہ‘‘ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ترجمان پاک فوج نے بانی پی ٹی آئی کے ملک دشمن بیانیے کو قوم کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی میڈیا میں بیٹھ کر پاکستان مخالف بیانیہ چلانے والے ذہنی طور پر مفلوج رہنما کو قوم اچھی طرح پہچان چکی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی تحریک انصاف اقتدار کے حصول کے لیے طالبان، بھارت اور دیگر دشمن عناصر کی حمایت تک حاصل کرنے سے دریغ نہیں کررہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’سپہ سالار اور ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی دراصل بانی تحریک انصاف کے اخلاقی و ذہنی دیوالیہ پن کا اظہار ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بیانیے اور کردار ملک کے استحکام کے لیے واضح خطرہ ہیں، مگر دشمن کے ایجنڈے پر کام کرنے والوں کی ہر سازش ناکام ہوگی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ریاستی اداروں پر حملے، شہداء کی توہین اور افواج کے خلاف پروپیگنڈہ سب دشمن کے عزائم کو تقویت دینے کی کوششیں ہیں،
لیکن قوم نے ان بیانیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہر سازش ’’ریاست کے فولادی عزم کے سامنے ریت کی دیوار‘‘ ثابت ہوگی
