ایپل فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون پر بھی غور کرنے لگا، نئی رپورٹ میں انکشاف
گزشتہ چند ماہ کے دوران ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے حوالے سے متعدد افواہیں اور رپورٹس سامنے آ چکی ہیں، جن کے مطابق کمپنی رواں سال ستمبر میں اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرا سکتی ہے۔
تاہم اب ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایپل صرف بک اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون تک محدود نہیں بلکہ فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون کی تیاری پر بھی غور کر رہا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے فلپ فولڈ ایبل آئی فون کے مختلف آپشنز پر کام جاری ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ اس ڈیوائس کو کب متعارف کرایا جائے گا یا آیا یہ کبھی کمرشل سطح پر صارفین تک پہنچ پائے گا یا نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کی حکمتِ عملی یہ ہو سکتی ہے کہ پہلے بک اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرا کر صارفین کے ردِعمل کا جائزہ لیا جائے، جس کے بعد فلپ اسٹائل ماڈل کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فلپ اسٹائل فولڈنگ آئی فون کی افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں۔ سابقہ رپورٹس کے مطابق ایپل کے پاس اس وقت کم از کم دو فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون کے پروٹو ٹائپ ورژنز موجود ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ ایپل بک اسٹائل ماڈل سے قبل فلپ اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے گا، تاہم بعد میں اس منصوبے کو ترک کر دیا گیا۔ اب ایک بار پھر ان افواہوں نے زور پکڑ لیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپل فولڈ ایبل اسمارٹ فون مارکیٹ میں مختلف آپشنز پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔
_20260202060417044.webp)