ایپل کا رواں سال کا سستا ترین آئی فون 17e فروری میں متعارف ہونے کا امکان

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے رواں سال کا سستا ترین نیا آئی فون بہت جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ پہلے اطلاعات تھیں کہ آئی فون 17e کو موسم بہار میں پیش کیا جائے گا، تاہم اب ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے فروری میں ہی لانچ کر دیا جائے گا۔

ٹیک ویب سائٹ میک ویلٹ کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ایپل 19 فروری کو آئی فون 17e متعارف کر سکتا ہے۔ یہ تاریخ اس لیے حیران کن نہیں کیونکہ ایپل نے گزشتہ سال آئی فون 16e بھی 19 فروری 2025 کو پیش کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 17e میں میگ سیف سپورٹ دی جائے گی، جس کے ذریعے صارفین کو 25 واٹ وائرلیس چارجنگ کی سہولت حاصل ہوگی۔ یہ فیچر آئی فون 16e میں موجود نہیں تھا۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 17e کا ڈیزائن آئی فون 16e جیسا ہی ہوگا، تاہم اس میں فرنٹ کیمرے کے لیے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن شامل نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس فون میں اے 19 چپ دی جائے گی جبکہ سیکنڈ جنریشن ایپل C1x موڈیم اور N1 وائرلیس نیٹ ورک چپ بھی ڈیوائس کا حصہ ہوں گی۔ دیگر فیچرز بڑی حد تک آئی فون 16e سے ملتے جلتے ہوں گے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 17e کی قیمت 599 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو اسے ایپل کا رواں سال کا سب سے سستا آئی فون بنا دے گا۔