رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جا سکے گا؟

اسلام آباد: رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو ہوگا، تاہم یہ نایاب فلکیاتی منظر پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔

اس سورج گرہن کو رِنگ آف فائر کہا جاتا ہے، کیونکہ اس دوران چاند سورج کو اس طرح ڈھانپ لیتا ہے کہ سورج کا بیرونی حصہ ایک روشن دائرے یا چھلے کی شکل میں دکھائی دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ رِنگ آف فائر سورج گرہن صرف انٹارکٹیکا میں مکمل طور پر نظر آئے گا، جبکہ چلی، ارجنٹینا اور جنوبی افریقا کے بعض علاقوں میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔ باقی دنیا کے بیشتر ممالک اس نظارے سے محروم رہیں گے۔

یہ سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر ایک منٹ پر شروع ہوگا۔ تاہم پاکستان میں اس کا براہِ راست مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق رِنگ آف فائر یا اینولر سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین سے زیادہ فاصلے پر ہوتا ہے اور سورج کو مکمل طور پر ڈھانپنے کے قابل نہیں رہتا، جس کے باعث سورج کا بیرونی کنارہ روشن دائرے کی صورت میں نظر آتا ہے۔

اگرچہ پاکستان میں یہ گرہن دکھائی نہیں دے گا، تاہم فلکیاتی ویب سروس Time and Date کے ذریعے اس سورج گرہن کو لائیو اسٹریم پر دیکھا جا سکے گا۔