ہر انسان کا اپنا اے آئی ساتھی ہوگا، مائیکرو سافٹ کے اے آئی سربراہ کی حیران کن پیشگوئی
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی تیزی سے انسانی زندگی کا لازمی حصہ بنتی جا رہی ہے اور ماہرین کے مطابق آنے والے برسوں میں یہ انسانوں کے کام کرنے، سوچنے اور فیصلے کرنے کے انداز کو یکسر بدل دے گی۔
اس حوالے سے مائیکرو سافٹ کے اے آئی شعبے کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ سلیمان نے ایک چونکا دینے والی پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 5 برسوں کے اندر ہر انسان کا اپنا ایک ذاتی اے آئی ساتھی ہوگا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں مصطفیٰ سلیمان کا کہنا تھا کہ یہ اے آئی ساتھی دیکھنے، سننے، ترجیحات سمجھنے اور صارف جیسا محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ ٹیکنالوجی صرف ایک ٹول نہیں رہے گی بلکہ انسان کی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بن جائے گی۔
مصطفیٰ سلیمان نے کہا کہ یہ اے آئی ساتھی صارف کے بارے میں اتنا کچھ جانتے ہوں گے کہ وہ اس کی زندگی، عزائم اور حالات کو بخوبی سمجھ سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بالکل ایسے دوست کی طرح محسوس ہوں گے جو ہر وقت ساتھ ہوں اور زندگی کے مختلف چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے یہ اے آئی سسٹمز جذباتی ذہانت سے بھی لیس ہوں گے اور انسانوں کے ساتھ زیادہ فطری اور گہرے تعلقات قائم کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ مصطفیٰ سلیمان نے مائیکرو سافٹ کا حصہ بننے سے قبل 2 دیگر افراد کے ساتھ مل کر ’’پائی‘‘ نامی چیٹ بوٹ تیار کرنے والی کمپنی کی بنیاد رکھی تھی، جسے ایموشنل انٹیلی جنس سے لیس پرسنل اے آئی قرار دیا گیا تھا۔
سال 2024 میں یہ پوری ٹیم مائیکرو سافٹ کا حصہ بنی، جبکہ مصطفیٰ سلیمان کے مطابق مستقبل میں پائی جیسے اے آئی چیٹ بوٹس مزید جدید ہو کر انسانوں کے مستقل اور قابلِ اعتماد ساتھی بن جائیں گے۔
