گوگل نے تیز رفتار جیمنائی 3 فلیش اے آئی ماڈل متعارف کرا دیا
گوگل نے اپنے جدید آرٹی فیشل انٹیلی جنس ماڈلز کی فہرست میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے جیمنائی 3 فلیش متعارف کرا دیا ہے۔ اس سے قبل کمپنی نومبر 2025 میں جیمنائی 3 پرو کو لانچ کر چکی تھی، جبکہ اب زیادہ تیز رفتار ماڈل صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
جیمنائی 3 فلیش کو خاص طور پر تیز رفتاری کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ گوگل کے مطابق یہ ماڈل بیشتر پروموٹس کے لیے گوگل سرچ جتنا ہی تیز محسوس ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے جیمنائی ایپ میں بطور ڈیفالٹ ماڈل منتخب کیا گیا ہے
جبکہ جیمنائی 3 پرو کے لیے صارفین کو فاسٹ کے بجائے تھنکنگ ماڈل منتخب کرنا ہوگا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگرچہ جیمنائی 3 پرو ایڈوانسڈ میتھ اور کوڈنگ جیسے پیچیدہ کاموں کے لیے اب بھی بہترین انتخاب ہے، تاہم جیمنائی 3 فلیش روزمرہ کے بیشتر کاموں کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوگا۔
گوگل کے مطابق جیمنائی 3 فلیش، جیمنائی 2.5 فلیش کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہے اور بعض ٹیسٹوں میں اس کی کارکردگی اوپن اے آئی کے جی پی ٹی 5.2 کے برابر دیکھی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جیمنائی 3 فلیش کو گوگل سرچ کے اے آئی موڈ میں بھی بطور ڈیفالٹ ماڈل شامل کر دیا گیا ہے۔ گوگل کے مطابق اے آئی موڈ اب صارفین کی ضروریات کو بہتر انداز میں سمجھ سکے گا، زیادہ مشکل سوالات کے جواب دے سکے گا اور مزید درست معلومات فراہم کرے گا۔
