یوٹیوب میں والدین کو نیا اختیار: بچوں کی شارٹس ویڈیوز دیکھنے کا وقت محدود کیا جا سکے گا
یوٹیوب نے والدین کے لیے کئی نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے وہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے عمر کے مطابق ویڈیوز مواد دیکھنے کو بہتر انداز میں کنٹرول کر سکیں گے۔
ان فیچرز میں سب سے اہم اسکرین لمٹس کا آپشن ہے، جو کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس میں والدین استعمال کر سکیں گے۔ اس فیچر کے تحت والدین اپنے بچوں کے لیے یوٹیوب شارٹس دیکھنے کا وقت مقرر کر سکیں گے۔ والدین زیادہ سے زیادہ 60 منٹ تک شارٹس دیکھنے کی حد مقرر کر سکتے ہیں۔
یوٹیوب کے مطابق جلد ہی والدین کے پاس یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ اپنی ترجیح کے مطابق شارٹس دیکھنے کی حد مستقل طور پر صفر پر بھی مقرر کر سکیں۔ اس کے علاوہ سونے کے وقت (Bedtime) اور بریک ریمائنڈرز جیسے فیچرز بھی والدین استعمال کر سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان فیچرز کا مقصد کم عمر صارفین کو حد سے زیادہ شارٹس دیکھنے سے روک کر ان کی صحت، نیند اور ڈیجیٹل توازن کو بہتر بنانا ہے۔ یوٹیوب کے مطابق یہ انڈسٹری کا پہلا ایسا فیچر ہے جس کے ذریعے والدین کو مختصر ویڈیوز دیکھنے پر مؤثر اور مستحکم کنٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ یوٹیوب ایک نیا آسان اکاؤنٹ سوئچنگ فیچر بھی متعارف کرا رہا ہے۔ چونکہ اکثر گھروں میں موبائل فونز اور ٹیبلٹس مشترکہ استعمال ہوتے ہیں، اس لیے اب چند کلکس کے ذریعے مختلف اکاؤنٹس کے درمیان سوئچ کرنا ممکن ہوگا۔
کمپنی کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں ایک نیا سائن اپ فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے لیے آسانی سے اکاؤنٹس بنا سکیں گے اور موبائل ایپ میں ان اکاؤنٹس کے درمیان بآسانی سوئچ کر سکیں گے۔ اس ٹول کے ذریعے ہر صارف کے لیے اس کی عمر کے مطابق مواد کی ترتیبات اور سفارشات یقینی بنائی جائیں گی۔
یوٹیوب نے معیاری مواد کے فروغ کے لیے نئے اصول اور ایک جامع گائیڈ بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو کری ایٹرز کو نوجوانوں کے لیے دلچسپ، عمر کے مطابق اور اعلیٰ معیار کا مواد تیار کرنے میں مدد دے گی۔ یہ رہنما اصول عالمی ماہرین کے تعاون سے تیار کیے گئے ہیں، جن میں امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن اور بوسٹن چلڈرن ہسپتال کی ڈیجیٹل ویلنس لیب شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ اقدامات یوٹیوب کے نظام کو تعلیمی اور متاثر کن ویڈیوز کو ترجیح دینے میں مدد فراہم کریں گے تاکہ نوجوان تفریح اور تعلیم کے درمیان بہتر توازن قائم کر سکیں۔
_20260115052710172.webp)