آج سے 36 سال قبل بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی منتخب عورت وزیراعظم بنیں
آج سے 36 سال قبل، 1988 میں، بینظیر بھٹو پاکستان کی پہلی منتخب عورت وزیراعظم بنیں۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اس تاریخی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ 36 سال قبل 11 سالہ آمریت کے بعد پاکستان میں جمہوری حکومت بحال ہوئی اور 35 سالہ بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں جمہوریت کی بحالی کا سفر شروع ہوا، جس نے پوری قوم، خاص طور پر خواتین اور نوجوانوں میں امید پیدا کی۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو پاکستان کی سب سے کم عمر وزیراعظم بنیں اور جمہوریت، عوامی حکومت اور برابری کے عزم کو مضبوط کیا۔
ایوان صدر نے قوم پر زور دیا کہ جمہوری اصولوں کی پاسداری اور قومی اتحاد کو فروغ دینے کے لیے بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔
