وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 7 روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا، والدین سے تعاون کی اپیل
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
کراچی میں مہم کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 15 دسمبر سے شروع ہونے والی 7 روزہ پولیو مہم سندھ کے 30 اضلاع کی ایک ہزار 345 یونین کونسلز میں چلائی جائے گی، جس کے دوران ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک نے اسی طریقے سے پولیو کا خاتمہ کیا ہے، یہ باعثِ شرمندگی ہے کہ دنیا میں اب صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض کا واحد حل پولیو ویکسین ہے اور دیگر اسلامی ممالک بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر اس بیماری سے نجات حاصل کر چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 30 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 9 کا تعلق سندھ سے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایک وقت میں یہ مرض کم ہو گیا تھا، مگر حالیہ برسوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم میں 80 ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے، جبکہ ان کی سکیورٹی کے لیے 21 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلوائیں۔
