عوامی آگاہی کی دستاویزی فلموں کے لیے ایک ارب روپے منظور، سندھ کابینہ کا بڑا فیصلہ
عوامی آگاہی کے لیے دستاویزی فلموں کے لیے ایک ارب روپے منظور، سندھ کابینہ کے اہم فیصلے
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں عوامی آگاہی اور سندھ حکومت کی کارکردگی اجاگر کرنے کے لیے دستاویزی فلمیں بنانے کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ دستاویزی فلمیں عوام کو حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کرنے کے لیے تیار کی جائیں گی۔ اجلاس میں دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔
کابینہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے بسیں خریدنے کی مد میں 96 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ بن قاسم سے پورٹ قاسم تک 9 کلومیٹر طویل ڈبل ٹریک ریلوے لائن منصوبے کے لیے 6 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں ملیر کے علاقے میں واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے، جبکہ کھیلوں کے فروغ کے لیے اسکواش چیمپئن شپ اور ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوامی سہولیات میں بہتری اور صوبے میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنا ہے۔
