حیدرآباد: ایس ایس پی آفس میں خواتین اہلکار پر تشدد، شکایت درج
حیدرآباد: شہر کے ایس ایس پی آفس میں خواتین اہلکار کے ساتھ مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ وومن پولیس اسٹیشن کی ایس آئی عائشہ شیخ نے ایس ایس پی حیدرآباد کے دفتر میں درخواست داخل کی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ دفتر میں تعینات خاتون کلرک ماریہ ساریو نے لیڈی اے ایس آئی پر تشدد کیا۔
لیڈی اے ایس آئی کے مطابق، 27 نومبر کو ماریہ ساریو نے انہیں فون کیا اور دفتر میں دیگر اہلکاروں کے سامنے من گھڑت اور بدنام کن الزامات لگائے۔ دو لیڈی کانسٹیبلز نے ماریہ ساریو کے کہنے پر انہیں دفتر میں پکڑا، اور ماریہ ساریو نے انہیں چار مرتبہ مارا پیٹا۔
خاتون اہلکار نے موقف اختیار کیا کہ یہ رویہ نہ صرف ان کے لیے صدمہ انگیز تھا بلکہ ایک وردی دار افسر کی حیثیت سے ان کے وقار کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماریہ ساریو کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور عہدے کے غلط استعمال پر الگ سے کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے درخواست وصول ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ ایس پی حیدرآباد کے مطابق انصاف کو یقینی بنانے اور پولیس اہلکاروں کی عزت و سالامت کی حفاظت کے لیے اس کیس کی فوری جانچ کی جا رہی ہے۔
