دبئی میں نوجوان کی سالگرہ کا خطرناک کرتب الٹا پڑ گیا، بھاری جرمانہ اور قانونی کارروائی
دبئی: اپنی 26 ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کی خواہش دبئی کے ایک نوجوان کو بھاری پڑ گئی۔ نوجوان نے ایک مصروف سڑک پر ’26‘ کا ہندسہ جلا کر سالگرہ کا کرتب کیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی۔ اس ویڈیو کا مقصد سالگرہ کے موقع پر وائرل ہونا تھا، تاہم یہ عمل نہ صرف خطرناک ثابت ہوا بلکہ نوجوان کے لیے قانونی مصیبت کا باعث بھی بنا۔
حکام کے مطابق سڑک پر آگ لگانا عوامی اور ٹریفک سیکیورٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، جس کے نتیجے میں نوجوان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ دبئی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی خاطر کسی بھی قسم کا خطرناک یا غیر قانونی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے جہاں صارفین نے نوجوان کی حرکت کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خود کے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
