انڈونیشیا: جکارتہ میں 7 منزلہ عمارت میں آتشزدگی، 22 افراد جاں بحق
جکارتہ، انڈونیشیا: انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں منگل کے روز ایک 7 منزلہ عمارت میں بھڑکنے والی آگ نے کم از کم 22 افراد کی جان لے لی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کے گراؤنڈ فلور پر موجود ڈرون کی بیٹری پھٹنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جو تیزی سے اوپر کی منزلوں تک پھیل گئی۔ تحقیقات کے لیے فرانزک لیبارٹری میں آگ لگنے کے حتمی اسباب جانچنے کا عمل جاری ہے۔
سینٹرل جکارتہ پولیس کے سربراہ سوساتیو پرنومو کونڈرو نے کہا کہ فورس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے پرعزم ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ دوپہر کے وقت لگی اور فائر فائٹرز کے پہنچنے تک آگ کافی پھیل چکی تھی۔
ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 17 بتائی گئی تھی، جو اب بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 15 خواتین بھی شامل ہیں۔ جکارتہ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تقریباً 100 فائر فائٹرز اور 29 فائر ٹرک آگ بجھانے میں مصروف تھے۔
پولیس کے مطابق فائر فائٹرز اب عمارت کو ٹھنڈا کرنے اور متعدد منزلوں سے گاڑھا دھواں صاف کرنے میں مصروف ہیں، جس کے بعد دوبارہ سرچ آپریشن کیا جائے گا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق زیادہ تر افراد جھلسنے کے بجائے دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئے
