کراچی ائیرپورٹ پر کئی سال بعد مسافروں کے لیے پسنجر پک اپ لین دوبارہ کھول دی گئی
کراچی: کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کے لیے کئی سالوں سے بند پسنجر پک اپ لین دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے مسافروں اور گاڑیوں کی قطاروں میں بہتری آئے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی پی اے اے کی ہدایت پر ائیرپورٹ انتظامیہ نے کئی سالوں سے بند پسنجر پک اپ لین پر لگے بیریئرز ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی خاقان مرتضیٰ نے پسنجر پک اپ لین کو بند کرایا تھا، جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور ائیرپورٹ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پسنجر پک اپ لین کو آج سے مسافروں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا، جس سے ائیرپورٹ پر آمد و رفت مزید آسان اور تیز تر ہو جائے گی۔
