بلاول بھٹو کا خیبرپختونخوا ہیلتھ کارڈ اسکیم پر تنقید، کہا ’ماڈل درست نہیں
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا حکومت کی صحت کارڈ اسکیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے صحت کا بجٹ ہیلتھ کارڈ میں ڈال دیا ہے اور موجودہ ماڈل صحیح نہیں ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ اسکیم میں ایک حد مقرر کی گئی ہے، جس سے زیادہ بیماری یا علاج کے اخراجات آنے پر شہریوں کو اپنی جیب سے علاج کروانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صحت کے نظام میں حکومتی پیسہ نجی اسپتالوں کو دلوارہی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ان کی جماعت نے وسیلہ صحت پروگرام شروع کیا تھا تاکہ پسماندہ طبقے کو براہ راست طبی مدد فراہم کی جا سکے، جبکہ موجودہ ہیلتھ کارڈ اسکیم اس مقصد میں ناکافی ہے۔
بلاول بھٹو نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاپولیشن پلاننگ کے 15 سال کی کارکردگی سامنے لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس حوالے سے اپنا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے تیار ہے اور گوجرخان، سرگودھا، رحیم یارخان اور ڈی آئی خان میں SIUT کے تعاون سے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
