2024 میں عالمی اسلحے کی فروخت میں اضافہ: 100 بڑی کمپنیوں نے 679 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کیا
اسلحے کی عالمی فروخت میں اضافہ، امریکی و یورپی کمپنیاں سب سے آگے
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی تازہ رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں دنیا بھر میں اسلحے کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 100 بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں نے مجموعی طور پر 679 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کیا، جو 2023 کے مقابلے میں تقریباً 6 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ فروخت امریکی اور یورپی دفاعی کمپنیوں نے کی، جبکہ عالمی اور علاقائی تنازعات، جیسے غزہ اور یوکرین کی جنگیں، اور بڑھتے ہوئے فوجی بجٹ اس اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔
سب سے زیادہ ریونیو کمانے والی 10 کمپنیوں میں 6 امریکی، 2 چینی، ایک روسی اور ایک برطانوی کمپنی شامل ہیں۔ جاپانی کمپنیوں کی فروخت میں 40 فیصد، جرمن کمپنیوں میں 36 فیصد اور جنوبی کوریا میں 31 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ چینی کمپنیوں کی فروخت میں 10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
خصوصی طور پر، چیک ری پبلک کی چیکو سلوواکیا گروپ کی فروخت میں 192.7 فیصد اضافہ ہوا، امریکی کمپنی اسپیس ایکس کی فروخت میں 103.4 فیصد اور جاپانی کمپنی مٹسوبشی الیکڑک کی فروخت میں 86.9 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اس عالمی رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا میں دفاعی صنعت کا دائرہ وسیع ہورہا ہے اور عالمی جغرافیائی کشیدگی اس صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
