کراچی: ماں، بیٹی اور بہو کے تہرے قتل کا معمہ حل، گھر کے سربراہ اور بیٹے گرفتار
کراچی: گلشن اقبال کے رہائشی فلیٹ سے ماں، بیٹی اور بہو کی ہلاکت کے تہرے قتل کا معاملہ پولیس نے حل کر لیا ہے۔ انویسٹی گیشن پولیس نے فلیٹ کے گھر کے سربراہ اقبال اور بیٹے یاسین کو گرفتار کر لیا، جنہوں نے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اہلخانہ نے معاشی مشکلات کے باعث یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ تہرے قتل میں چوہے مار ادویات اور نیند کی گولیاں استعمال کی گئیں۔ سب سے پہلے بہو 22 سالہ ماہا، اس کے بعد ماں 52 سالہ ثیمنہ اور بیٹی 19 سالہ ثمرین کی موت واقع ہوئی۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو فلیٹ سے چوہے مار دوا کے 10 ریپر اور نیند کی گولیوں کے 13 پیکٹس برآمد ہوئے۔ گھر کے سربراہ نے زہریلی دوا جوس میں ملا کر خواتین کو پلائی جبکہ بیٹے نے دوا پینے کی ہمت نہ کی۔
واقعے سے قبل اہلخانہ نے 4 خطوط بھی تحریر کیے، جن میں رشتہ داروں، فلیٹ انتظامیہ، قبروں کی ترتیب اور تدفین کے اخراجات کی تفصیلات شامل تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
_20251210095622633.webp)