کے پی حکومت نے وفاق کی ناقص قرار دی گئی 3 بلٹ پروف گاڑیاں واپس نہ کیں

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق کی جانب سے فراہم کی گئی وہ 3 بلٹ پروف گاڑیاں تاحال واپس نہیں کیں جنہیں وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے ناقص اور استعمال کے قابل نہ ہونے کا قرار دیا تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ بلٹ پروف گاڑیاں وفاقی وزیر داخلہ کے ذریعے کے پی حکومت کو فراہم کی گئی تھیں تاکہ ہائی رسک علاقوں میں پولیس افسران کی سکیورٹی بہتر بنائی جا سکے۔

تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ان گاڑیوں کو پرانی اور غیر معیاری قرار دیتے ہوئے واپس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

وفاق نے وزیراعلیٰ کے اس مؤقف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اگر کے پی کو یہ گاڑیاں نہیں چاہئیں تو انہیں بلوچستان منتقل کر دیا جائے گا، جہاں ان کی ضرورت زیادہ ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ گاڑیاں اب بھی کے پی پولیس کے پاس موجود ہیں اور تاحال واپس نہیں کی گئیں۔

کے پی پولیس کی نئی بکتربند گاڑیوں کی بڑی خریداری

دوسری جانب خیبرپختونخوا پولیس نے اپنی سکیورٹی صلاحیت میں اضافے کے لیے بڑے پیمانے پر نئی گاڑیوں کی خریداری شروع کر دی ہے۔

  • 46 ڈالے بکتربند بنانے کے لیے بھجوائے گئے تھے جن میں سے 13 ہیوی مکینیکل انڈسٹریز (HMC) سے وصول ہوچکے ہیں۔
  • مزید 20 بکتربند ڈالے رواں ماہ تک ملنے کی توقع ہے۔
  • ایچ ایم آئی کو اضافی بکتربند گاڑیوں کا الگ آرڈر بھی دیا گیا تھا جن میں سے 20 تیار ہوچکی ہیں۔

یہ پیش رفت صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال اور پولیس کی آپریشنل استعداد میں بہتری کے لیے اہم قرار دی جا رہی ہے۔