سلمان خان کا حیران کن انکشاف: 25 سال سے گھر کے باہر ڈنر نہیں کیا
ممبئی/جدہ: بالی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 25 سے 26 سالوں میں ایک بار بھی گھر کے باہر ڈنر نہیں کیا۔ انہوں نے یہ بات دو روز قبل جدہ میں ہونے والے ریڈ سی فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سلمان خان کے مطابق ان کی زندگی مکمل طور پر کام اور سفر کے گرد گھومتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’گذشتہ 25 سے 26 سال میں کہیں باہر ڈنر پر نہیں گیا۔ میری زندگی بس گھر سے شوٹنگ، شوٹنگ سے گھر، پھر ائیرپورٹ، وہاں سے ہوٹل اور اب جدہ... اور یہاں سے واپس سیدھا شوٹنگ۔ یہی میری روزمرہ کی زندگی ہے‘‘۔
اداکار نے مزید بتایا کہ ان کی زندگی کا بڑا حصہ ان کے خاندان اور چند قریبی دوستوں کے ساتھ گزرا ہے۔ ’’میرے کئی دوست دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، اور اب میرے پاس صرف 4 سے 5 دیرینہ دوست رہ گئے ہیں‘‘۔
سلمان خان نے کہا کہ انہیں اس طرزِ زندگی سے کوئی مسئلہ نہیں، کیونکہ ان کے نزدیک یا تو انسان ہر وقت گھومتا پھرتا ہے یا پھر وہ اپنے کام کے ذریعے لوگوں کے پیار اور عزت کے لیے محنت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کام سے بھرپور زندگی کو ہی اپنا اطمینان سمجھتے ہیں۔
سلمان خان کا یہ انکشاف مداحوں کے لیے خاصا حیران کن ثابت ہوا ہے، کیونکہ بالی وڈ اسٹارز کو عام طور پر پُرتعیش طرزِ زندگی سے جوڑا جاتا ہے۔
