اترپردیش: دلہن نے سسرال پہنچ کر 20 منٹ میں شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار کر دیا

سسرال پہنچنے کے 20 منٹ بعد دلہن نے شادی سے انکار کر دیا، پنچایت کے ذریعے معاملہ طے پایا

بھارت کے اترپردیش کے ضلع دیوریا میں ایک شادی کے دوران ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں دلہن نے سسرال پہنچنے کے محض 20 منٹ بعد شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق، شادی کی تمام رسم و رواج دھوم دھام سے مکمل کیے گئے اور تقریب بخیر و خوبی انجام پائی۔ تاہم، سسرال پہنچنے کے بعد دلہن نے چہرہ دکھانے کی روایتی رسم کے دوران اعلان کیا کہ وہ اس گھر میں نہیں رہے گی اور فوراً اپنے والدین کو بلانے کی درخواست کی۔

شوہر اور خاندان نے اسے منانے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر دلہن نے کسی بات پر کان نہ دھرا۔ بعد ازاں اس کے والدین بھی پہنچ گئے، لیکن دلہن نے سسرال والوں کے رویے کی وجہ سے اپنا فیصلہ برقرار رکھا۔

معاملے کے بڑھنے پر پنچایت بلائی گئی، جو تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔ آخر کار دونوں خاندانوں نے باہمی رضا مندی سے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، اور دلہن والدین کے ساتھ واپس چلی گئی۔

پولیس نے تصدیق کی کہ انہیں معاملے سے آگاہ کیا گیا تھا، لیکن کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی، اس لیے کیس پنچایت کی سطح پر ہی حل ہو گیا۔