شرجیل میمن: پیپلز بسیں عوام کی سہولت کے لیے ہیں، ووٹ بینک کی بنیاد پر نہیں

کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز بس سروس کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، نہ کہ کسی خاص سیاسی علاقے میں ووٹ بینک کی بنیاد پر بسیں چلانا۔

شرجیل میمن نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کے دوران کسی بھی علاقے میں پیپلز پارٹی کی ووٹ بینک کو نہیں دیکھا گیا۔ بسیں عوام کی سہولت کے لیے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ ہر مین روڈ پر بس سروس دستیاب ہو۔

سینئر وزیر نے کہا کہ بسیں عوام کے پیسوں سے خریدی گئی ہیں اور حیدرآباد میں بھی جلد پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔

ان کے علاوہ، شرجیل میمن نے بتایا کہ سکھر سے شکارپور اور خیرپور تک ای وی بس سروس بھی شروع کی جا رہی ہے، جبکہ کچھ نئی ای وی بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید 500 بسیں خریدنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد بس نیٹ ورک کو مزید بڑھایا جائے گا۔