سندھ میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان: 22 سے 31 دسمبر تک اسکول بند رہیں گے

کراچی: سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے سالانہ سرمائی تعطیلات سے متعلق فیصلہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں تمام اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے 22 دسمبر سے 31 دسمبر 2025 تک بند رہیں گے۔

ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق تعطیلات کے بعد یکم جنوری سے تدریسی عمل معمول کے مطابق بحال کردیا جائے گا۔ اس دوران تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر یہی شیڈول نافذ ہوگا۔

ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ موسمِ سرما کی تعطیلات کے باوجود بورڈ کے ضمنی امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور امتحانی سرگرمیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

موسمِ سرما کی یہ تعطیلات ہر سال کی طرح محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی منظوری سے جاری کی جاتی ہیں، جن کا مقصد سردی کے موسم میں بچوں کی صحت اور تعلیمی شیڈول کا توازن برقرار رکھنا ہے۔