وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے، چند پاکستانیوں کی حوالگی کے معاملے پر بات چیت متوقع
لندن — وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی برطانوی وزارتِ خارجہ کے حکام سے چند پاکستانی شہریوں کی حوالگی سمیت اہم امور پر ملاقات متوقع ہے۔ محسن نقوی تین روزہ دورے پر برطانیہ میں موجود رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کی برطانوی فارن آفس کے اعلیٰ حکام سے ملاقات طے ہے، جس میں پاکستان کی جانب سے مطلوب چند افراد کی حوالگی کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا۔ بتایا جا رہا ہے
کہ محسن نقوی ان افراد سے متعلق شواہد پہلے ہی برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کر چکے ہیں۔
دوسری جانب برطانوی فارن آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہائی کمشنر کو دیے گئے دستاویزات اب تک برطانیہ نہیں پہنچے۔
پاکستان کی جانب سے عادل راجہ اور شہزاد اکبر کی حوالگی کا مطالبہ
دو روز قبل اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات میں پاک—برطانیہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔
اس ملاقات کے دوران محسن نقوی نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات برطانوی ہائی کمشنر کے سپرد کیے تھے اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں، لہٰذا انہیں
فوری طور پر پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے پراپیگنڈا پھیلانے میں ملوث افراد سے متعلق ثبوت بھی فراہم کیے۔
فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی: محسن نقوی
قبل ازیں لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے والے سمجھتے ہیں کہ انہیں تحفظ ملے گا، مگر ایسا نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کسی کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر غلط معلومات پھیلانے والوں کو جلد وطن واپس لا کر قانون کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
