وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی: ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دے کر امن بحال کریں گے

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردوں کو شکست دے کر ہر حال میں امن بحال کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات پولیس فورس اور سول افسران کے مشترکہ دربار سے خطاب کے دوران کہی۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق موجودہ حالات غیر معمولی ہیں، اور خیبرپختونخوا پچھلے چار دہائیوں سے دہشتگردی کی زد میں ہے۔ پولیس نے محدود وسائل کے باوجود 21 سال دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، اور ان کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں ہر حال میں امن قائم رکھنے کے لیے پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے، اور ہنگامی بنیادوں پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، اور ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ افسران کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی مگر نتائج دینے ضروری ہیں، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہوگا، اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ سرکاری افسران کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز کے ذریعے ناپی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کا کام انصاف دینا ہے اور وہ ایسا نہیں کر پاتے تو صورتحال خراب ہوتی ہے، اس لیے عوام کو ریلیف دینے اور فیصلے عوام کے مفاد میں کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔