سپریم کورٹ نے ایمان مزاری کے خلاف متنازع ٹوئٹ کیس میں ٹرائل روکنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری کے خلاف ٹرائل روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

متنازع ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری کی جانب سے ٹرائل روکنے کی درخواست پر جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، جس میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل تھے۔

عدالت نے قرار دیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے تک ٹرائل روکا جائے۔ یہ فیصلہ دونوں فریقین کی باہمی رضامندی سے جاری کیا گیا۔

دوران سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ “بغیر شفاف ٹرائل کسی کو سزا نہ دی جا سکتی ہے۔ جج کو دباؤ سے آزاد رہنا چاہیے، دونوں فریقین کو مکمل موقع ملنا چاہیے، نہ جج کی بے توقیری ہونی چاہیے نہ ہائی کورٹ کی۔”

واضح رہے کہ ایمان مزاری نے جج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنا کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں منتقل کرنے کی استدعا کی ہوئی ہے۔ سماعت کے دوران ناروے کے سفیر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

اس کیس میں ایمان مزاری کے خلاف عدالت میں زیر سماعت متنازع ٹوئٹ پر قانونی کارروائی جاری تھی۔