پی آئی اےکی نجکاری،کابینہ کمیٹی نےفوجی فرٹیلائزرکمپنی کوکنسورشیم رکن بنانےکی منظوری دیدی

اسلام آباد: قومی ائیرلائن پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزرائے خزانہ، توانائی، وزیر مملکت خزانہ، مشیر نجکاری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی کو اضافی کنسورشیم رکن بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق فوجی فرٹیلائزر کمپنی قومی ائیرلائن ایکویٹی لمیٹڈ کے 33.99 فیصد عام حصص کی سبسکرپشن کرے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عارف حبیب کارپوریشن کنسورشیم کی لیڈ کمپنی کے طور پر برقرار رہے گی جبکہ کامیاب بولی دہندہ کی قائم کردہ خصوصی کمپنی کے ذریعے پی آئی اے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

نجکاری کمیٹی کے فیصلے کو حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔