خام تیل کی ترسیل میں رکاوٹ کے خدشات، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
خام تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق برینٹ آئل کی قیمت بڑھ کر تقریباً 92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 88 ڈالر فی بیرل کے قریب تھی۔ اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 88 ڈالر فی بیرل تک دیکھی گئی۔
دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا تاہم بعد ازاں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا اور ہنڈریڈ انڈیکس 318 پوائنٹس کمی کے بعد ایک لاکھ 55 ہزار 858 پوائنٹس پر بند ہوا۔
عالمی مارکیٹوں میں جاپان کے نکئی اور جنوبی کوریا کے اسٹاک انڈیکس میں تقریباً 1.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں کمی کا رجحان رہا۔
اس کے علاوہ یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی دیکھی گئی جسے عالمی معاشی خدشات اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے جوڑا جا رہا ہے۔
