فیلڈ مارشل کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، ایرانی میزائل حملے روکنے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے سعودی عرب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے اہم ملاقات کی جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور ایرانی ڈرون و میزائل حملوں سے پیدا ہونے والے خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران ایران کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ان حملوں کو روکنے کے لیے اسٹریٹجک دفاعی تعاون کے تحت ممکنہ اقدامات پر بھی بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلااشتعال جارحیت خطے کے امن، سکیورٹی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ایسی کارروائیاں امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو متاثر کرتی ہیں اور بحران میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ ایران دانشمندی اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرے گا تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو سکے۔ ایران کی محتاط حکمت عملی سے دوست ممالک کو بحران کے پرامن حل کے لیے جاری کوششوں میں مدد مل سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے علاقائی سکیورٹی، دفاعی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
