خواجہ آصف: اگر پیشگی انتظامات نہ کیے ہوتے تو پیٹرول 375 روپے فی لیٹر ہو چکا ہوتا
خواجہ آصف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی کشیدہ صورتحال نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر آبنائے ہرمز کی بندش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چند دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی تھیں۔
خواجہ آصف نے کہا: "ایسے بحران میں حکومت کا پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں محدود اضافہ کرنا بہت محنت کا کام ہے۔ اس کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، روابط اور انتظامات کی لمبی داستان ہے۔ اگر یہ سب نہ کیا ہوتا تو آج پیٹرول کی قیمت 375 روپے فی لیٹر ہو چکی ہوتی۔"
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا گیا۔
وزیر دفاع نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومت نے قیمتوں میں اضافہ محدود کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات کیے اور بحران کے اثرات کم سے کم کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔
