قومی کفایت شعاری پالیسی: وفاقی کابینہ کا دو ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اعظم Shehbaz Sharif کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری پالیسی کے حوالے سے اہم اجلاس میں حتمی لائحہ عمل طے کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں علاقائی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں حکومتی اخراجات کم کرنے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اراکین نے قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے دو ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سادگی اور کفایت شعاری پر مبنی اقدامات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا اور تمام سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی اختیار کرنے کی تلقین کی گئی۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت سے متعلق ہدایات کو صنعتی اور زرعی شعبوں پر لاگو نہیں کیا جائے گا تاکہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

مزید برآں سرکاری وسائل کی بچت اور توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے طلب اور رسد کی مسلسل نگرانی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ ورک فرام ہوم اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے اور آن لائن کام کرنے والوں کو بلا رکاوٹ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور Azad Kashmir کے وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔