وزیراعظم شہباز شریف کی سادگی اور بچت پر مبنی معاشی لائحہ عمل بنانے کی ہدایت
شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ عالمی حالات کے تناظر میں معیشت پر پڑنے والے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متعلقہ کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا جس میں عالمی سطح پر ہونے والے اضافے کا کم سے کم بوجھ صارفین پر منتقل کیا گیا۔
وزیراعظم نے معاشی ترقی، سادگی اور بچت پر مبنی جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام پر ممکنہ حد تک کم بوجھ ڈالا جائے۔
شہباز شریف نے کمیٹی کو مزید فعال کردار ادا کرنے اور جلد از جلد عوام کے لیے آسان اور قابل عمل سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ جو پیٹرول پمپ یا کمپنی مصنوعی قلت پیدا کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائی جائے اسے فوری طور پر بند کیا جائے اور اس کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کو چاروں صوبوں کے دورے کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلاتعطل فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔
